ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / مالیگاؤں دھماکے:سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کی ضمانت عرضی این آئی کورٹ نے کی مسترد

مالیگاؤں دھماکے:سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کی ضمانت عرضی این آئی کورٹ نے کی مسترد

Tue, 28 Jun 2016 17:10:18  SO Admin   S.O. News Service

ممبئی28جون(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے)کی خصوصی عدالت نے مالیگاؤں بم دھماکے( (2008کی ملزم سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کی ضمانت عرضی مسترد کر دی ہے۔سادھوی کی ضمانت عرضی پر سماعت گزشتہ ہفتے ہی مکمل ہوئی تھی، جس کے بعد عدالت نے آج کی تاریخ مقرر کی تھی۔سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر گزشتہ آٹھ سال سے مالیگاؤں بم دھماکے( (2008کے الزام میں جیل میں ہے۔معاملے کی تحقیقات کر رہی این آئی اے نے اسی سال دائر اپنی سپلیمیٹری چارج شیٹ میں سادھوی سمیت6ملزمان کوکلین چٹ دی ہے۔اسی کے بعدسادھوی کے وکیل نے ضمانت کی عرضی دی۔معاملے میں متاثرہ خاندان کی طرف سے ضمانت عرضی کی مخالفت میں پٹیشن بھی دائرہے۔مالیگاؤں بم دھماکے( (2008میں کل6لوگوں کی موت ہوئی تھی اور100کے قریب زخمی ہوئے تھے۔اس وقت جانچ ایجنسی اے ٹی ایس نے جانچ میں پایا کہ بم لگانے کیلئے جس موٹرسائیکل کا استعمال کیا گیا تھا وہ سادھوی کے نام پرتھی۔تاہم سادھوی کا کہنا ہے کہ دھماکے کے دو سال پہلے ہی وہ موٹرسائیکل رام چندر کلساگرا استعمال کر رہا تھا۔رام چندر کلساگرا فرار ملزم ہے۔سادھوی کی گرفتاری کے بعد معاملے میں ایک ایک کر کے13لوگوں کی گرفتاری ہوئی۔جس میں فوج کے کرنل پرساد سری کانت پروہت سمیت سابق میجر رمیش اپادھیائے اور دیانند پانڈے جیسے سادھو سنت بھی ہیں۔اے ٹی ایس نے معاملے میں ایک ملزم راکیش دھاوڑے پر پربھی اورجالنہ بم دھماکوں میں چارج شیٹ دکھا کر مکوکا لگایا تھا۔لیکن این آئی اے کا کہنا ہے کہ راکیش دھاوڑے کوپہلے2008کے مالیگاؤں بم دھماکے میں گرفتار کیا گیا پھر مکوکا لگانے کی نیت سے اسے پربھی اور جالنہ بم دھماکوں میں ملزم بنا کر چارج شیٹ دائر کی گئی۔این آئی اے کا کہنا ہے کہ معاملے پر مکوکا نہیں بنتا اور مکوکا ہٹتا ہے تو سادھوی کے خلاف مقدمہ چلانے کے قابل کافی ثبوت نہیں ہیں۔


Share: